سوہاوہ: پٹرولنگ پولیس راولپنڈی ریجن کی جانب سے چیف منسٹر پنجاب کے جاری کردہ ایکشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔
میٹنگ کی صدارت ایس ایس پی پٹرولنگ راولپنڈی ریجن محمد بن اشرف نے کی۔ میٹنگ میں ٹرانسپورٹرز برادری کی نمایاں شخصیات جن میں میاں افتخار، محمد عبداللہ، خالد محمود، محمد ارشد اعوان، محمد سجاد، محمد زاہد اور دیگر شامل تھے، نے شرکت کی۔
ایس ایس پی پٹرولنگ نے شرکاء کو ایکشن پلان کے خدوخال پر تفصیلی بریفنگ دی اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کو بغور سنا۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ ٹرانسپورٹ شعبے میں درپیش رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔
ٹرانسپورٹرز نے پولیس کی اس کاوش کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی پٹرولنگ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اجلاس ٹرانسپورٹ اور پولیس کے درمیان بہتر روابط اور اعتماد سازی میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
ایس ایس پی محمد بن اشرف نے واضح کیا کہ پٹرولنگ پولیس عوام کی خدمت، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور آئندہ بھی ٹرانسپورٹرز کے ساتھ رابطے جاری رکھے جائیں گے تاکہ باہمی تعاون سے سڑکوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
