جہلم سے پاک بھارت کشیدگی کے دوران سوشل میڈیا پر اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والا ملزم گرفتار

جہلم: پاک بھارت کشیدگی کےدوران سوشل میڈیا پر اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والے ملزم کو جہلم کی تحصیل دینہ سے گرفتار کرلیا گیا، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ملزم محمد نذیر احمد کو گرفتار کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم کا تعلق جہلم کی تحصیل دینہ کے علاقہ کرلہ سے ہے، ملزم نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران پروپیگنڈا کیا۔

ایف آئی اے ترجمان نے کہا کہ این سی سی آئی اے نے اب تک پروپیگنڈا کرنے والے 500 اکاؤنٹس کی نشاندہی کرلی ہے۔

گرفتار ملزم نے اداروں کے خلاف جعلی اور گمراہ کن پوسٹیں بھی لگائیں، جس کی پاداش میں اس کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

یاد رہے نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے پاکستان اور بھارت میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر اہم ہدایت جاری کی تھی، جس میں کہا تھا کہ دشمن کو مدد فراہم کرنیوالی معلومات اور تصاویر کسی صورت شیئرنہ کی جائیں اور سوشل میڈیا پوسٹ سے قبل سوچیں۔

شہریوں کو سوشل میڈیا پرغیرتصدیق شدہ معلومات پھیلانے سے اجتناب کرنے کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ غیر تصدیق شدہ مسیجز، مشکوک ای میلز، سوشل میڈیا لنکس نہ کھولیں اور ایمرجنسی میں ضروری معلومات کیلئے سرکاری ذرائع پر انحصار کیا جائے۔

Exit mobile version