جہلم میں سی سی ڈی اور مسلح ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلے میں دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ کالا گجراں کی حدود میں ڈھوک منور روڈ نزد سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب سی سی ڈی ٹیم اور موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے جبکہ تیسرا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا۔
ترجمان سی سی ڈی جہلم کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سی سی ڈی ٹیم معمول کے مطابق ناکے پر موجود تھی۔ تین مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے اچانک ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے دوران ایک گولی کانسٹیبل شمس الرحمان کو لگی تاہم خوش قسمتی سے وہ بلٹ پروف جیکٹ کی بدولت محفوظ رہے۔
پولیس کی جوابی کارروائی اور مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار افراد کی شناخت حسن ولد فاروق حسن ساکن داراپور جہلم اور عبداللہ صفدر عرف جینگو ولد صفدر حسین ساکن محلہ قریشیاں کالا گجراں جہلم کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھے اور ان کے خلاف ریکارڈ بھی موجود ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور مسروقہ موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی ہے جو کہ مقدمہ نمبر 508 مورخہ 2 اگست 2025 بجرم 381-A ت پ کے تحت تھانہ سٹی جہلم میں درج کیس سے متعلق ہے۔ یہ موٹر سائیکل 2 اگست کو دن 2:30 بجے ڈی ایچ کیو اسپتال جہلم سے چوری کی گئی تھی۔
زخمی ملزمان کو ابتدائی طبی امداد کے لیے فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے تیسرے ملزم کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔
