جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے پی ڈی پی اسکیم کے تحت مجوزہ نئی سڑکوں کے منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ روہتاس روڈ، کمرشل کالج روڈ اور کھرالہ روڈ کے مجوزہ مقامات کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مجوزہ سڑکوں کے روٹس، موجودہ صورتحال اور زمینی حقائق کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران نے انہیں منصوبوں کے ابتدائی خدوخال، ممکنہ راستوں، تکنیکی امور اور انتظامی تقاضوں سے متعلق بریفنگ بھی دی۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ مجوزہ سڑکوں سے متعلق تمام تکنیکی، انتظامی اور قانونی پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا جائے، جبکہ منصوبہ بندی کے ہر مرحلے میں عوامی ضرورت، مقامی جغرافیائی صورتحال، ٹریفک کے تقاضوں اور حکومتی ضوابط کو مدنظر رکھا جائے تاکہ منصوبے عوامی مفاد کے مطابق مکمل کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی اسکیم کے تحت مجوزہ سڑکوں کی منصوبہ بندی کا بنیادی مقصد شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا، آمدورفت کو آسان بنانا اور علاقے کے انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبوں سے متعلق آئندہ مراحل کے لیے درکار تمام اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ منظوری کے بعد ترقیاتی کاموں پر جلد پیش رفت ممکن بنائی جا سکے۔
