ڈپٹی کمشنر جہلم کا باغ محلہ کا دورہ، گوردوارہ بھائی کرم سنگھ کی تزئین و آرائش اور گرلز سکول کے منصوبے کا جائزہ لیا


جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے باغ محلہ کا دورہ کرتے ہوئے گوردوارہ بھائی کرم سنگھ کی تزئین و آرائش اور گرلز سکول باغ محلہ کے منصوبے کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران پراجیکٹ انچارج نے ڈپٹی کمشنر کو گوردوارہ کی بحالی اور تزئین و آرائش پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ "گوردوارہ بھائی کرم سنگھ تاریخی اور ثقافتی ورثہ ہے، اس کی بحالی سے ضلع جہلم میں سیاحت کو فروغ ملے گا اور بین المذاہب ہم آہنگی کو تقویت ملے گی۔”
ڈپٹی کمشنر نے گوردوارہ سے متصل گرلز سکول باغ محلہ کا بھی دورہ کیا اور اسکول کی منتقلی و تعمیر کے متبادل پلان پر بریفنگ لی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ اسکول کے طلبہ و طالبات کے تعلیمی تسلسل کو متاثر کیے بغیر متبادل جگہ پر جدید سہولیات سے آراستہ عمارت کی تعمیر کو جلد مکمل کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ جہلم میں تعلیمی، ثقافتی اور تاریخی منصوبوں کو خصوصی ترجیح دے رہی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر تعلیمی اور سیاحتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔



