جہلم: یونان کشتی حادثہ؛ ایف آئی اے نے جہلم سے انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث ایک انتہائی مطلوب انسانی سمگلر کو جہلم سے گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم کا نام وزارتِ داخلہ کی ریڈ بک میں شامل تھا اور وہ عرصہ دراز سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے 8 افراد کو غیر قانونی طور پر سمندری راستے سے یورپ بھجوانے کا انتظام کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق لیبیا کے قریب پیش آنے والے کشتی حادثے میں ان میں سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ 2 افراد راستے سے واپس آ گئے تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم نے متاثرہ خاندانوں سے فی کس 24 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف ایف آئی اے میں متعدد مقدمات درج ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
