جہلم: سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر گجرات جیل سے 250 قیدی سخت سیکیورٹی میں جہلم جیل منتقل کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق گجرات میں ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر 250 قیدیوں کو گجرات جیل سے سخت سیکیورٹی میں ڈسٹرکٹ جیل جہلم منتقل کر دیا گیا۔
جیل حکام کے مطابق قیدیوں کو مکمل حفاظتی انتظامات کے تحت گجرات سے جہلم لایا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل جہلم میں اس وقت پہلے ہی 1008 قیدی اور حوالاتی موجود ہیں جبکہ 250 مزید قیدیوں کی منتقلی کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 1258 ہو گئی ہے۔
جہلم جیل کی گنجائش صرف 568 قیدیوں کی ہے، تاہم اس وقت گنجائش سے کہیں زیادہ قیدیوں کو رکھنا جیل انتظامیہ کے لیے بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
