جہلم: رواں سال کی دوسری قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا، مہم کے دوران ضلع بھر میں 2 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ضلع جہلم میں 5 روزہ قومی انسداد پولیو مہم آج 26 فروری سے شروع ہوگئی۔ یکم مارچ تک جاری رہنے والی مذکورہ مہم کیلئے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جو گھر گھر جاکر 5 سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 21 ہزار 85 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔
اس دوران بچوں کی قوت مدافعت میں اضافے کے لیے وٹامن A کی اضافی خوراک بھی دی جائے گی۔
محکمہ صحت کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ضلع جہلم میں 1094 موبائل ٹیمیں مقرر کر دی گئی ہیں جبکہ 74 فکس اور 24 ٹرانزٹ ٹیموں کی نگرانی کے لیے 223 ایریا انچارج اور 56 یونین کونسل مانیٹرنگ آفیسر بھی مصروف عمل رہیں گے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پولیو نے ہمارے بچوں کو بہت نقصان پہنچایا ہے اور اس کا خاتمہ ایک قومی ہدف ہے۔ والدین سے اپیل ہے کہ ویکسین کی اہمیت کو سمجھیں اوراپنے بچوں کو اس مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں ، کیونکہ اگر کل بچّے کو چلنا ہے تو اس کا فیصلہ آج کرنا ہے۔
