طبی مراکز میں بنیادی سہولیات فراہم ہونے سے شہریوں کو دہلیز پر علاج کی سہولت میسر آئی ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ ضلع بھر کے تمام طبی مراکز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی سے شہریوں کو ان کی دہلیز پر علاج معالجے کی سہولیات میسر آ رہی ہیں۔ انہوں نے طبی عملے پر زور دیا کہ وہ مراکز صحت میں آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کریں تاکہ عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔

ڈی سی میثم عباس نے یہ بات شاندار چوک میں واقع ای اینڈ ای ڈی سینٹر کے دورے کے موقع پر کہی، جہاں انہوں نے طبی سہولیات، دستیاب ادویات، میڈیکل ٹیسٹ کی سہولیات اور دیگر طبی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے علاج کے لیے آئے ہوئے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے مرکز کی کارکردگی، سہولیات اور عملے کے رویے سے متعلق براہ راست معلومات حاصل کیں۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں عوام کو معیاری علاج کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام طبی مراکز کی کارکردگی کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ وہ ایمانداری، فرض شناسی اور خوش اخلاقی سے اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ مریضوں کو بلا تعطل سہولت میسر رہے۔

ڈی سی میثم عباس نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اگر کسی بھی مرکز میں ادویات، آلات یا سٹاف کی کمی ہو تو فوری رپورٹ کی جائے تاکہ بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔

Exit mobile version