پنڈدادنخان میں عدالت نے دو منشیات فروشوں کو سخت سزائیں سنا دیں، ایک منشیات فروش کو 20 سال قید اور دوسرے کو 9 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں منشیات فروشی کے دو الگ الگ مقدمات میں عدالت نے جرم ثابت ہونے پر دو مجرمان کو سخت سزائیں سنائیں۔
تھانہ پنڈدادنخان کے مقدمہ نمبر 320/24 بجرم CNSA 9(1) 3e میں ملوث مجرم اعجاز عرف راجہ کو عدالت نے 20 سال قید با مشقت اور 8 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، جبکہ مقدمہ نمبر 227/24 بجرم CNSA 9(1) 3c میں مجرم محمد امتیاز کو 9 سال قید با مشقت اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
دونوں مجرموں کو سال 2024 میں منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جہلم پولیس نے مجرموں کو ٹریس کر کے گرفتار کیا اور ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں جمع کروایا۔ مقدمات کی مؤثر پیروی کے نتیجے میں عدالت نے دونوں مجرمان کو قرار واقعی سزائیں سنائیں۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے مقدمات کی پیروی کرنے والی انوسٹیگیشن اور لیگل ٹیموں کو شاباش دی، تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں اور ان کے خاتمے کے لیے آپریشن بھرپور انداز میں جاری رہے گا۔
