پنجاب ریونیو اتھارٹی نے شفاف ٹیکس ادائیگی کیلئے سرگرمیاں تیز کر دیں

جہلم: پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) نے ٹیکس ادائیگی کے نظام میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے سرگرمیاں مزید تیز کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق جہلم سمیت پنجاب بھر کے ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور کافی شاپس میں کچن آرڈر، غیر ادا شدہ، پری یا عارضی بل جاری کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے صوبہ بھر کے ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور کافی شاپس میں صارفین کے لیے ہدایات نامہ جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت تمام متعلقہ کاروباری اداروں کو یہ ہدایات نمایاں جگہ پر آویزاں کرنا ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ ریسٹورنٹس اور ہوٹلز سے خدمات حاصل کرتے وقت ڈیجیٹل رسید ضرور حاصل کریں اور رسید پر کاروباری ادارے کا نام، پتہ اور PNTN ضرور چیک کریں۔

ڈیجیٹل رسید پر آرڈر کی تفصیلات، ٹیکس کی شرح، ٹیکس سے قبل رقم اور کل قابلِ ادائیگی رقم درج ہونا لازم قرار دیا گیا ہے، جبکہ رسید پر PRA انوائس نمبر اور PRA QR کوڈ بھی موجود ہونا ضروری ہوگا۔

صارفین رسید پر موجود PRA QR کوڈ کے ذریعے رسید اور ٹیکس سے متعلق تفصیلات کی تصدیق بھی کر سکیں گے۔ ذرائع کے مطابق کاروباری اداروں کی جانب سے ڈیجیٹل یا کارڈ کے ذریعے ادائیگی سے انکار کی صورت میں شہری پنجاب ریونیو اتھارٹی کو شکایت درج کرا سکتے ہیں۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ ٹیکس نظام میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے صرف ادائیگی کے بعد باقاعدہ ڈیجیٹل رسید حاصل کریں اور خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ادارے کو فوری آگاہ کریں، تاکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کاروباری مراکز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

Exit mobile version