سگھر پور کشتی حادثہ کے افسوسناک واقعہ کی مکمل انکوائری کروائیں گے، چوہدری فرخ الطاف، سیدہ رملہ علی

پنڈدادنخان: سگھر پور کشتی حادثہ میں چار بچوں سمیت دو خواتین کے جاں بحق ہونے والے افسوسناک واقعہ کی تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

ہفتہ کے روز مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف، ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی، اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان اسامہ شیرون نیازی اور سابق تحصیل ناظم چوہدری عابد اشرف جوتانہ نے غمزدہ خاندانوں سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سگھرپور سے ملکوال جانے والی کشتی دریائے جہلم میں ڈوب گئی، 4 بچے اور 2 خواتین جاں بحق

ایم این اے چوہدری فرخ الطاف اور ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی طرف سے متاثرہ خاندانوں سے افسوس کا اظہار کیا اور دس دس لاکھ فی کس کے امدادی چیک تقسیم کیے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افسوسناک واقعہ کی مکمل انکوائری کروائیں گے، تحصیل پنڈدادنخان میں تمام پتن فوری بند کر دیے گئے ہیں۔

ایم این اے چوہدری فرخ الطاف نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں جبکہ پنجاب حکومت بھی متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے.

اس خبر کو بھی پڑھیں: دریائے جہلم میں کشتی اُلٹنے کے حادثے کا مقدمہ درج، نماز جنازہ ادا کر دی گئی

حادثہ میں جاں بحق ہونے والے چار بچوں کے لواحقین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشتی ملاح کی نااہلی کے باعث ڈوبی، اگر بروقت طبی امداد مہیا کی جاتی تو ہمارے بچے بچ جاتے۔ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے انتظامیہ کوقبل از وقت موثر اقدامات کرنے چاہئے تاکہ آئندہ کوئی ایسا واقعہ پیش نہ آئے۔

یاد رہے کہ جمعرات کے روز جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ سگھرپور سے منڈی بہاؤالدین کے علاقہ ملکوال جانے والے کشتی نورپور پیراں والا کے قریب اوورلوڈ ہونے کے باعث اپنا توازن کھو بیٹھنے سے دریائے جہلم میں ڈوب گئی۔ کشتی میں کیری ڈبہ، موٹرسائیکلیں اور دیگر سامان سمیت 30 سے زائد افراد سوار تھے جن میں خواتین اور بچے شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کشتی الٹنے پر وزیر اعلی اور وفاقی وزیر داخلہ کا نوٹس، قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

کشتی نور پور پیراں والا کے قریب دریا کے کنارے پر ڈوبی جس کے باعث چار بچے اور دو خواتین دریا میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں جبکہ زیادہ تر مسافروں کو مقامی افراد نے بچالیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ شہری تحصیل پنڈدادنخان میں سڑکوں کی بدحالی اور تباہی کی بناء پر شارٹ کٹ استعمال کرتے ہوئے دریائے جہلم کا رُخ کرتے ہیں۔

عوامی وسماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سمیت اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیول کیرج وے جہلم روڈ سمیت تمام روڈ کی تعمیر کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button