نگہبان رمضان پیکج بے سود، یوٹیلیٹی اسٹورز ا نتظامیہ نے عام لوگوں کے لئے سبسڈی ختم کردی

جہلم: نگہبان رمضان پیکج بے سود،یوٹیلیٹی اسٹورز ا نتظامیہ نے عام لوگوں کے لئے سبسڈی ختم کردی، سفیدپوش طبقہ مذکورہ ریلیف سے مستثنیٰ قرار۔ نادار ، مستحق، سفیدپوش طبقہ کی زندگیاں اجیرن ہوکر رہ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے نگہبان رمضان پیکج اور یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈی دینے کے بلند و بانگ دعوے کئے کہ سفید پوش،مستحق افراد کو ماہ رمضان کیلئے خشک راشن ان کی دہلیزپرپہنچایاجائے گا لیکن نگہبان رمضان پیکج میں سفید پوش طبقہ کی اکثریت مستفید نہ ہوسکی جبکہ سرکاری ملازمین اور کھاتے پیتے گھرانوں کے افراد کے نام شامل ہیں۔

سستے رمضان بازاروں میں عوام کو اچھاخاصا ریلیف مل جاتاتھا وہ صوبائی حکومت نے بند کردیئے ہیں ،پہلے عام صارف کو ماہ رمضان میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر سبسڈی دی جاتی تھی اس رمضان میں وہ بھی ختم کردی گئی اور سبسڈی بینظیرانکم سپورٹ کے رجسٹرڈ افراد تک محدود کردی گئی ہے۔

جہلم شہر سمیت ضلع بھر کی سماجی تنظیمیں اورمخیر حضرات ماہ رمضان میں غریب اور مستحق افراد میں خشک راشن اور آٹا وغیرہ تقسیم کرتے تھے انہوں نے بھی معاشی حالات بہتر نہ ہونے اور مہنگائی کے ہاتھوں مجبور ہوکر ہاتھ کھینچ لیاہے۔

سماجی تنظیموں کے دفاتر اور مخیرحضرات کے گھروں پر روزانہ روزی روٹی سے مجبورسینکڑوں کی تعداد میں افراد دستک دیتے اور نامراد واپس لوٹتے دکھائی دیتے ہیں۔

غریب نادار ، مستحق افراد نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ رمضان بازار اور یوٹیلیٹی سٹورز پر عام صارف کے لئے نرخوں میں غیر معمولی کمی کروائی جائے تاکہ مستحق افراد باعزت طریقے سے اپنے بچوں کو 2 وقت کی روٹی مہیا کرسکیں ۔

Exit mobile version