دینہ: وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن اور جہلم فورم کے زیر انتظام شعور ویلفیئر سنٹر مفتیاں دینہ میں آٹھویں فری سرجیکل آئی کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جہاں سینکڑوں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
کیمپ میں 556 مریضوں کا چیک اپ کیا گیا، جن میں سے 331 مریضوں کو عینکیں فراہم کی گئیں جبکہ 44 مریضوں کے مفت آپریشن اور لینز کی تبدیلی عمل میں لائی گئی۔ مریضوں اور ان کے ہمراہ آنے والوں کے لیے کھانے کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا جبکہ تمام طبی کارروائی کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق انجام دیا گیا۔
اس فلاحی کیمپ کے لیے خصوصی فنڈز ہارون افضل کھٹانہ صدر جہلم فورم یوکے نے فراہم کیے جبکہ کھانے کا بندوبست حاجی محبوب ارشد مفتیاں کی جانب سے کیا گیا تھا۔
اس موقع پر سلیم انور کسانہ چیئرمین وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کیمپ کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں ہارون افضل کھٹانہ، حاجی زاہد حسین بٹ صدر جہلم چیمبر آف کامرس، افتخار احمد مغل سماجی رہنما دینہ اور ڈاکٹر شاہدہ نعمانی شامل تھے جنہوں نے اس نیک مشن کو سراہتے ہوئے اسے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
شرکاء نے وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن اور جہلم فورم کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ مستحق افراد کو معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
