دینہ کی صحافتی تنظیموں کا مشترکہ اجلاس، ضلعی و تحصیل انتظامیہ کی تقریبات کے بائیکاٹ کا اعلان

دینہ الیکٹرانک میڈیا کے زیر انتظام دو صحافتی تنظیموں، دینہ الیکٹرانک میڈیا اور دینہ پریس کلب کا مشترکہ اجلاس زیر صدارت رب نواز گوندل منعقد ہوا۔ اجلاس میں صحافی برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا اور ضلعی و تحصیل انتظامیہ کے غیر مناسب رویے کے خلاف مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے سرکاری تقریبات کے مکمل بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز تحصیل دینہ کی دو بڑی صحافتی تنظیموں دینہ الیکٹرانک میڈیا اور دینہ پریس کلب کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد الیکٹرانک میڈیا کے صدر رب نواز گوندل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینہ کی صحافی برادری کو درپیش مسائل کے پیش نظر یہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس کا بنیادی ایجنڈا ضلعی اور تحصیل دینہ کی انتظامیہ کی جانب سے صحافی برادری کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اور کوآرڈینیشن کی کمی پر غور کرنا تھا۔

رب نواز گوندل نے کہا کہ ملک بھر میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا لیکن تحصیل دینہ انتظامیہ اور دیگر سربراہان کی جانب سے کسی بھی سیاسی تقریب کا انعقاد نہیں کیا گیا۔ اگر کہیں کوئی تقریب منعقد بھی ہوئی تو اس کی اطلاع صحافی برادری کو نہیں دی گئی جو کہ قابلِ افسوس امر ہے۔

صدر دینہ پریس کلب سید توقیر آصف شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں دینہ کی صحافی برادری کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا نہایت ضروری ہے۔ دینہ کے صحافی ہمیشہ مثبت صحافت کرتے رہے ہیں، لیکن انتظامیہ کی جانب سے انہیں کوئی اہمیت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیکا ایکٹ ایک ایسا قانون ہے جس کا مقصد صحافیوں کی آواز دبانا ہے، جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں۔

چیئرمین دینہ پریس کلب امجد محمود سیٹھی نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دینہ کے صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کی ضرورت ہے تاکہ ان کے مسائل کو مؤثر طریقے سے اجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے رب نواز گوندل کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی آواز کو مضبوط بنانے کے لیے ایک ہونا ہوگا۔

مشترکہ اعلامیہ

اجلاس کے اختتام پر متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں درج ذیل نکات شامل تھے:

1. دینہ کی تمام صحافتی تنظیمیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر کام کریں گی۔

2. ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کے غیر مناسب رویے کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

3. آئندہ تمام سرکاری تقریبات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔

اجلاس میں خصوصی طور پر اقبال خان، ماجد آفریدی، ڈاکٹر اسد شبیر، میاں ذوالفقار احمد، سید جانگیر شاہ، رب نواز گوندل، امجد محمود سیٹھی، سید توقیر آصف شاہ، سید ذوالقرنین شاہ، رضوان سیٹھی، محمد افضل، سہیل انجم قریشی، شازیب بٹ، فیضان کیانی سمیت دیگر صحافیوں اور معززین نے شرکت کی۔

Exit mobile version