گریٹر مانچسٹر /بولٹن: پاکستان قونصل جنرل مانچسٹر طارق وزیر نے کہا ہے کہ سامراجی قوتیں یاد رکھیں کہ 1965کی طرح آج بھی پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کیلئے خون کا آخری قطرہ بہا کر سرحدوں کی حفاظت کرے گی اور افواج پاکستان اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مادر وطن کی حفاظت کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں بولٹن کے ایک مقامی ریستوران میں یوم دفاع اور یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راچڈیل کے میئر شکیل احمد نےکہا کہ وطن عزیز پاکستان جن حالات سے دوچار ہے ان سے نمٹنے کیلئے ہمیں 6ستمبر 1965 جیسے جذبے اور اتحاد کی ضرورت ہے اور پوری قوم کو چاہئے کہ وہ اپنے قومی مسائل کا مقابلہ کرنے کیلئے باباقوم کے بتائے ہوئے اصول ایمان اتحاد اور تنظیم پر کاربند رہ کر کریں گے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
قبل ازیں تقریب سے مہمان خصوصی ڈی ایم مانچسٹر کے چیف ڈائریکٹر لیاقت ملک نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ 6ستمبر یوم دفاع پاکستان پوری پاکستانی قوم کے اس غیر متزلزل عزم و حوصلے کی یاد دلاتا ہے جس کا مظاہرہ انہوں نے بیرونی جارحیت کے خلاف مادر وطن کے دفاع کیلئے کیا۔ یوم دفاع پاکستان ہماری درخشندہ تاریخ کا ایک روشن باب ہے جو تینوں مسلح افواج کے شیردل جوانوں اور افسران کی جرتوں عزم و استقلال اور لازوال قربانیوں کا عکاس ہے۔
تقریب میں پاکستان قونصل جنرل مانچسٹر طارق وزیر راچڈیل کے میئر شکیل احمد اور رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی کے علاوہ نارتھ ویسٹ کے مختلفف شہروں سے سیاسی سماجی رہنمائوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر افواج پاکستان کے بہادر جوانوں کی ایک دستاویزی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی اور پاکستان سے آئے ہوئے معروف گلوکار ملکو نے دل دل جان جان پاکستان جیسے ملی نغمے گا کر تقریب کو چار چاند لگا دیئے جس سے تقریب کے شرکاء خوب محظوظ ہوئے اور انہوں نے ملکو کی آواز سے آواز ملا کر گانے اور بھنگڑا ڈالتے رہے۔
لیاقت ملک نے کہا کہ 6 ستمبر کے دن کی مناسبت سے ہم اپنی بہادر افواج کے بے مثال کارناموں پر نہ صرف فخر کرتے ہیں بلکہ دفاع پاکستان کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سرفروشوں کی عظمت کو پوری قوم زبردست خراج عقیدت اور سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن اس بات کا تقاضہ کرتاہے کہ ہم وطن کی آبرو اور حرمت کے لئے شہید ہونے والوں کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ان کے نقش قدم پر چلنے کا عزم کریں تاکہ وطن عزیز کو جن چیلنجز کا سامنا ہے اس سے نمٹا جا سکے۔
رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے کہا کہ اہل پاکستان اور افواج پاکستان کا جذبہ پوری دنیا دیکھ چکی ہے جس طرح بچوں ، جوانوں ، بوڑھوں اور عورتوں نے دفاع وطن کیلئےقربانیاں دی ہیں اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ اس پر انہوں نے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
سیاسی اور سماجی رہنما حامد مشرقی نے کہا کہ آج ہمارا وطن عزیز کہاں کھڑا ہے اور ہم کس سمت کی جانب جا رہے ہیں کسی کو کوئی خبر نہیں پوری قوم مسائل کے انبار میں گری ہوئی ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہم اپنے تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر صرف اور صرف اپنے وطن عزیز کیلئے سوچیں تاکہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جاسکے۔
تقریب سے ہالینڈ سے آئے ہوئے صحافی راجہ فاروق حیدر ، یاور ملک اور مقبول ملک ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں یوم آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔
