سرکاری ڈسپنسری موہنجوداڑو کی منظر کشی کرنے لگی، کھڑکیاں، دروازے، اینٹیں چوری کرلی گئیں
جہلم/ پنڈدادنخان: حکومت کی جانب سے محکمہ لائیوسٹاک کو ترقی دینے کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ سرکاری ڈسپنسری موہنجوداڑو کی منظر کشی کرنے لگی، کھڑکیاں ،دروازے، اینٹیں چوری کرلی گئیں۔
حکومت پنجاب کی جانب سے محکمہ لائیوسٹاک کو ترقی دینے کے دعوے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر کئے جاتے ہیں لیکن جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ ہرن پور میں قائم سرکاری ویٹرنری ڈسپنسری کی عمارت متعلقہ محکمہ کی مبینہ عدم توجہی کی وجہ سے خستہ حال ہو کر بھوت بنگلے کی منظر کشی کر رہی ہے۔
موقع غنیمت پا کر چوروں کے گروہوں نے مذکورہ سرکاری بلڈنگ کی کھڑکیاں ، دروازے ،اینٹیں بھی چوری کر لی ہیں، جبکہ محکمہ لائیو سٹاک کی غفلت و لا پرواہی کی وجہ سے علاقہ مکین وٹنری ہسپتال کی سہولت سے محروم ہیں۔
سروے کے دوران مکینوں کا کہنا تھا کہ آج سے چند سال پہلے ویٹرنری ڈسپنسری میں روزانہ متعدد بیمار جانوروں کو علاج و معالجے کی غرض سے لایا جاتا تھا مگر گذشتہ کئی سالوں سے ویٹرنری ڈسپنسری محکمہ لائیو سٹاک کی غفلت و لا پرواہی کی وجہ تباہ حالی کا شکار ہے۔
علاقہ مکینوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے اور وٹنری ڈسپنسری کو تعمیر کرنے کا مطالبہ کیاہے کہ مقامی کسان اپنے مال مویشیوں کا علاج مقامی ڈسپنسری سے کرواسکیں ۔



