
دینہ کے نواحی علاقے پیر بھچر شریف میں سالانہ عرس مبارک کی پروقار اور روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے علماء کرام، معروف نعت خواں اور عقیدت مندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حضرت علامہ پیر سید عبدالغفار شاہ نے والدین کی عظمت اور ان کی خدمت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اصل پیر والدین ہیں، ان کی اطاعت اور خدمت سے ہی جنت کا اعلیٰ مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔ والدین کی عزت و احترام ہر مسلمان پر فرض ہے، ان کے ساتھ محبت، خاکساری اور عاجزی کا رویہ اپنانا چاہیے۔
انہوں نے حاضرین کو تلقین کی کہ والدین کی زندگی میں ان کی خدمت کریں اور بعد از وفات ان کے حق میں دعائیں کرتے رہیں۔
مفتی پیر سید وقاص شاہ نے اپنے خطاب میں نجات کا راز اللہ کے محبوب حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے محبت اور اصحاب رسول ﷺ کے ادب و احترام میں قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی سیرت نبوی ﷺ پر عمل کرنے اور صحابہ کرامؓ کے نقش قدم پر چلنے میں مضمر ہے۔
عرس مبارک کی تقریب میں ملک بھر سے نامور علماء کرام اور نعت خوانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر نعت خوانوں نے ہدیہ نعت پیش کرکے حاضرین کے دلوں کو روحانی سکون بخشا۔ عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے اس بابرکت محفل میں شرکت کرکے فیوض و برکات حاصل کیے۔
تقریب کے اختتام پر اجتماعی دعا کی گئی، جس میں ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔