جہلم میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے موٹروے پولیس کا اہلکار زخمی

جہلم میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے موٹروے پولیس کا اہلکار زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں جادہ چوک کے قریب شہری سے موبائل چھیننے والے مسلح ملزمان کی فائرنگ سے موٹروے پولیس کا کیشئر راجہ نعمان شدید زخمی ہو گیا۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق ایک شہری نے پٹرول پمپ پر کھڑے پولیس اہلکاروں کو اطلاع دی کہ مسلح ملزمان نے اس سے موبائل فون چھین لیا ہے، جس پر پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر ملزمان کا تعاقب کیا تو ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں سڑک پر کھڑے جرمانہ اکٹھا کرنے والے موٹروے پولیس کے کیشئر نعمان کی ٹانگوں پر گولیاں لگیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق موٹروے پولیس کے اہلکار راجہ نعمان کو گولیاں لگنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Exit mobile version