پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر ضلع کونسل دفتر میں پروقار تقریب کا انعقاد

جہلم: پاکستان اور چین کے درمیان لازوال دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے مطابق دفتر ضلع کونسل جہلم میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی، ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد طارق ضیاء اور چیف آفیسر ضلع کونسل ضیاء اللہ رانجھا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب کے آغاز میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے پاکستان اور چین کے قومی پرچم لہرائے جبکہ دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ ضلع کونسل دفتر کے سبزہ زار میں منعقدہ رنگا رنگ تقریب میں پیرا فورس اور سول ڈیفنس کے دستوں نے سلامی بھی پیش کی۔

اس موقع پر مقررین نے پاک چین تعلقات کو مثالی دوستی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ شرکاء نے پاک چین دوستی کو خطے کے امن، استحکام اور ترقی کی ضمانت قرار دیتے ہوئے باہمی تعاون، تجارت اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب کے دوران پاک چین اقتصادی تعاون اور ترقیاتی منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی گئی جبکہ نوجوان نسل کو پاک چین دوستی کی اہمیت سے آگاہ کرنے پر زور دیا گیا۔ مقررین نے دونوں ممالک کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔

تقریب کے اختتام پر پاک چین دوستی کی خوشی میں خصوصی کیک کاٹا گیا جبکہ شرکاء نے “پاک چین دوستی زندہ باد” کے نعرے بھی لگائے۔ تقریب خوشگوار ماحول اور ملی جوش و جذبے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

Exit mobile version