تعلیمی ترقی میں سماجی تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم فورم سپورٹس ونگ کے صدر اور سماجی و فلاحی سرگرمیوں میں متحرک شخصیت جمیل بھٹی کی جانب سے مستحق طلبہ کے لیے تعلیمی معاونت کا اہم اقدام کیا گیا، جس کے تحت سکول بیگز، جوتے اور سٹیشنری ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر نگرانی ڈی ای او لٹریسی میمونہ انجم کے حوالے کی گئی۔
یہ تعلیمی سامان لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے تحت زیرِ تعلیم مستحق بچوں کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے فراہم کیا گیا تاکہ انہیں بہتر تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں اور ان کے تعلیمی سفر میں آسانی پیدا ہو۔ اس اقدام کو تعلیمی شعبے میں سماجی تعاون اور فلاحی جذبے کی ایک مثبت مثال قرار دیا گیا۔
اس موقع پر ظہیر عباس اور پروفیسر خورشید علی ڈار کی خدمات اور کاوشوں کو بھی سراہا گیا، جنہوں نے اس فلاحی منصوبے کی عملی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔ شرکاء نے ان کی کوششوں کو مؤثر، قابلِ قدر اور قابلِ تحسین قرار دیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی ترقی میں سماجی تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور ایسے اقدامات نہ صرف مستحق بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں بلکہ معاشرتی بہتری اور تعلیمی شعور کے فروغ کا بھی باعث بنتے ہیں۔
ڈی ای او لٹریسی میمونہ انجم نے اس اقدام کو طلبہ کے لیے حوصلہ افزا اور انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے فلاحی اقدامات سے مستحق بچوں کو تعلیم جاری رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
جمیل بھٹی نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی تعلیمی منصوبوں اور فلاحی سرگرمیوں میں خصوصی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جہلم فورم آئندہ بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور معاشرے میں تعلیم کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کیا جا سکے۔



