جہلم: محرم الحرام کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلوسوں اور مجالس کے پُرامن اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس نے محرم کے لائسنس داران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے واضح کیا کہ انتظامی اور سیکیورٹی امور میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے لائسنس داران پر زور دیا کہ وہ ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں تاکہ تمام پروگرام بلاخوف و خطر مکمل ہو سکیں۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جلوس کے روٹس پر بغیر اجازت کوئی بھی فرد سبیل یا لنگر تقسیم نہیں کر سکے گا۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے ایک مکمل لائحہ عمل ترتیب دیا ہے، جس کے تحت ویریفکیشن کے بعد ہی افراد کو جلوس میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ خود بھی عزاداروں کے لیے مختلف مقامات پر سبیلیں لگائے گی تاکہ عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
اس موقع پر لائسنس داران نے جلوسوں کے راستوں میں پیش آنے والی مشکلات، رکاوٹوں، بجلی کی لٹکتی تاروں، ٹریفک کے مسائل اور دیگر امور پر اپنے تحفظات سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے مکمل تعاون اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جلوس کے روٹس پر صفائی، روشنی اور کیمروں کے مؤثر انتظامات کیے جائیں گے تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ کسی بھی شخص کو ضلع بھر میں نئی مجالس یا جلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام مجالس اور جلوسوں کو مقررہ اوقات کی پابندی کرنی ہو گی۔ ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور دیگر اداروں کی ٹیمیں جلوسوں کے ساتھ موجود رہیں گی تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
سیکیورٹی کے حوالے سے چیف سیکیورٹی آفیسر چوہدری افضل نے اجلاس کو پولیس پلان اور اہلکاروں کی تعیناتی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس فورس، ایلیٹ فورس، ٹریفک وارڈنز اور دیگر اداروں کو مربوط طریقے سے تعینات کیا جا رہا ہے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ثانیہ صافی، اسسٹنٹ کمشنر شمس الرحمن، ڈی ایس پی سٹی میاں جبار اور تمام متعلقہ افسران نے محرم کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر لائسنس داران کے ساتھ انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور جلوس کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ یا بدنظمی سے بچنے کے لیے تمام پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
لائسنس داران نے ڈپٹی کمشنر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں گے اور محرم کے دنوں میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، امن و امان کے قیام اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
