پاکستان میں عیدالفطر کی چھٹیاں کب ہوں گی؟حکومت نے بتا دیا

وفاقی حکومت نے عیدالفطر کی تعطیلات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر زیر گردش نوٹیفیکیشن جعلی قرار دے دیا ہے۔
حکومتی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر 9 اپریل سے 12 اپریل 2024ءتک چھٹیوں کا نوٹیفکیشن موجود ہے۔ یہ نوٹیفیکیشن جعلی ہے ، اب تک عیدالفطر کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل میڈیا میں یہ رپورٹس آئی تھیں کہ رواں سال پاکستان میں اس سال عیدالفطر کی چھٹیاں 6 دن ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک 29 دن ہونے کی پیشگوئی کر رکھی ہے، اگر پیشگوئی سچ ثابت ہوتی ہے پھر عیدالفطر 10 اپریل بروزبدھ کو ہو گی تاہم چاند کی رویت کا حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

پاکستان میں عید سے ایک روز قبل تعطیلات کا آغاز ہوتا ہے، اس طرح 9 اپریل بروز منگل کو پہلی چھٹی ملنے کا امکان ہے، ممکنہ طور پر 9 اپریل سے 12 اپریل تک چار دن کی چھٹیاں مل سکتی ہیں۔
اس طرح منگل سے جمعہ تک عیدالفطر کی تعطیلات ہوں گی اس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی سرکاری چھٹی ہوتی ہے، جس سے چھٹیوں کی تعداد چھ ہو جائے گی۔ چھٹیوں کے بارے میں حتمی اعلان حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔
اکثر سرکاری ملازمین چھ اپریل بروز ہفتہ سے ہی چھٹیوں پر چلے جائیں گے، اس طرح زیادہ تر ملازمین 9 چھٹیوں سے لطف اندوز ہوں گے کیونکہ 6 اپریل کو ہفتے کے دن سرکاری چھٹی ہوتی ہے، صرف ایک یا دو دن کی رخصت لینے سے ملازمین نو دن کی چھٹیوں سے مستفید ہو سکیں گے۔



