برمنگھم: سید مودودی فاؤنڈیشن کے چیئرمین محمد غالب نے کہا ہےکہ اللہ تعالیٰ کا کربلا میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے رفقا کا شہادت کیلئے انتخاب مسلمانوں کیلئے بڑا سبق ہے کہ جب بھی مسلمانوں پر یزید جیسے ظالم حکمران مسلط ہوجائیں تو انہیں یہ حق ہے کہ ظلم ،بے انصافیوں کے خلاف جدوجہد کریں ۔اللہ دین اور نظام کی خاطر ہر ممکن قربانیوں کیلئے تیار رہیں۔
انہوں کہا کہ آج بھی مسلمانوں پر یزید جیسے حکمران مسلط ہیں، مسلمان ظلم کا شکار ہیں کہیں کوئی انصاف، امن، عزت، وقار کانظام نہیں، یزید کو بُرا بھلا کہا جاتا ہے مگر وقت کے یزیدوں کے خلاف ہرجگہ خاموشی ہے، ان کے بارے میں کہیں کوئی آواز بلند نہیں ہو رہی، کربلا کا واقعہ تحریروں ،تقریروں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔
محمد غالب نے کہا کہ آج کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں کا جس طرح قتل عام ہورہا ہے اس کو بند کرانے کیلئے کسی مسلمان ملک کے اندر جرأت نہیں کہ وہ انڈیا ،اسرائیل کے ہاتھ روکے۔ ان کا معاشی بائیکاٹ کرنے کیلئے کوئی تیار نہیں، دونوں ملکوں کے ساتھ تجارتی اور سفارتی تعلقات بھی قائم کر رکھے ہیں۔ مسلمانوں کے جان و مال عزتوں کی کوئی فکر نہیں، سب عالمی استعمار کے ایجنٹ بنے ہوئے ہیں، برطانیہ، یورپ اور امریکہ میں آواز بلند ہورہی ہے اور مسلمان ملکوں میں مکمل خاموشی ہے۔
