امتحانی مرکز کی تبدیلی ڈپٹی کمشنر جہلم کو مہنگی پڑ گئی، وزیراعلیٰ پنجاب کے دورے سے ایک روز قبل میر رضا اوزگن عہدے سے فارغ

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے 10 نومبر کو متوقع دورہ جہلم سے قبل ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے حوالے سے بڑی انتظامی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے انٹرمیڈیٹ کے کمپیوٹر سائنس کے پرچے ملتوی کرنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ جہلم کے انتظامات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر جہلم کی سفارش پر راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے 10 نومبر کو ضلع جہلم میں ہونے والے انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول امتحان 2026ء کے کمپیوٹر سائنس کے صبح اور شام کے دونوں پرچے ملتوی کر دیے تھے۔ بورڈ کے اعلان کے مطابق یہ پرچے اب 30 نومبر کو منعقد ہوں گے جبکہ دیگر اضلاع میں امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے بورڈ کو بھجوائی گئی سفارش میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ کے دورے کے سلسلے میں انتظامی، سکیورٹی اور پروٹوکول ڈیوٹیاں انجام دینے کے لیے عملے کی تعیناتی ضروری ہے، جس کے باعث امتحانات کا بلا تعطل انعقاد ممکن نہیں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق پرچوں کی ملتوی ہونے کی اطلاع سامنے آنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فوری نوٹس لیا اور اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ڈپٹی کمشنر کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق پیغام جاری کیا۔

وزیراعلیٰ نے اپنے مؤقف میں واضح کیا کہ کسی بھی ضلع میں ان کے دورے کی وجہ سے عوام کو مشکلات میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور اس حوالے سے واضح احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف 10 نومبر کو ضلع جہلم کا دورہ کریں گی۔ اس دورے کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات کا افتتاح متوقع ہے۔

↑
Exit mobile version