آئیسکو سرکل جہلم میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری، صارفین سخت ازیت میں مبتلا

جہلم: آئیسکو سرکل جہلم میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے صارفین سخت ازیت میں مبتلا، آئیسکو صارفین نے وزیر اعظم پاکستان ،وفاقی وزیر پانی و بجلی سے نوٹس لینے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کامطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق گرمی اور حبس کے موسم میں آئیسکو سرکل جہلم کی اربن اور سول لائن سب ڈویژن میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ،جس کی وجہ سے صارفین کو سخت گرمی اور حبس کے موسم میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

اس حوالے سے آئیسکو صارفین نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئیسکو سرکل جہلم میں واپڈا کو سو فیصد ریکوری ہو رہی ہے جبکہ بجلی چوری کے مقدمات بھی آٹے میں نمک کے برابر ہیں۔ اس کے باوجود اربن اور سول لائن سب ڈویژن کے افسران و اہلکاروں نے صارفین کے لیے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کر کے سخت مشکلات پیدا کر رکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں سب ڈویژن کے ٹیلی فون نمبر یا تو اٹینڈ ہی نہیں ہوتے اگر کوئی ٹیلی فون اٹینڈ کر لے تو وہ بجلی بندش کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کر کے صارف کو خاموش کروا دیتے ہیں۔

آئیسکو صارفین نے وزیر اعظم پاکستان، وفاقی وزیر پانی و بجلی، چیف انجینئرآئیسکو اسلام آباد سے اربن اور سول لائن سب ڈویژن میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور شکایت نمبر پر ٹیلی فون آپریٹر تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے جو صارفین کے ٹیلی فون اٹینڈ کرنے کے ساتھ ساتھ درست معلومات فراہم کر سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button