جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں کھیلوں کے فروغ، سپورٹس سہولیات کی بہتری اور نوجوانوں کے لیے مزید مواقع کی فراہمی سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر جہلم محمد عبداللہ راجہ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر طارق گجر، حمزہ اظہر کیانی اور مختلف کھیلوں سے وابستہ نمائندگان نے شرکت کی۔ شرکاء نے کھیلوں کے میدانوں، دستیاب سہولیات، سپورٹس ایونٹس کے انعقاد اور مقامی ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے کھیلوں کی سہولیات بہتر بنائی جائیں اور ضلع میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ مقامی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی سے ضلع جہلم میں کھیلوں کے شعبے کو مزید فعال بنایا جا سکتا ہے۔
