مون سون بارشوں کے بعد جہلم میں شدید گرمی اور حبس، شہری بے حال، بجلی کی بندش نے مشکلات بڑھا دیں

جہلم: مون سون کی حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد ضلع جہلم میں شدید گرمی اور حبس نے شہریوں کو بے حال کر دیا ہے۔

گزشتہ چند روز کے دوران موسم میں اچانک تبدیلی کے باعث درجہ حرارت اور ہوا میں نمی کے تناسب میں اضافے نے روزمرہ زندگی کو متاثر کر دیا ہے، جبکہ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش اور لوڈشیڈنگ سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

شہریوں کے مطابق گزشتہ ہفتے مسلسل کئی روز تک ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے بعد گزشتہ دو روز سے موسم گرم اور مرطوب ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شدید حبس کے باعث سانس لینے میں دشواری محسوس ہو رہی ہے، جبکہ گھروں، دفاتر اور بازاروں میں معمولات زندگی بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد فضا میں نمی کا تناسب بڑھنے کے باعث حبس میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے گرمی کی شدت معمول سے زیادہ محسوس کی جا رہی ہے، حالانکہ درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ نہ بھی ہو۔

شہریوں نے شکایت کی کہ شدید گرمی کے دوران بجلی کی آنکھ مچولی اور غیر اعلانیہ بندش نے مشکلات کو دوچند کر دیا ہے، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

عوامی حلقوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شدید موسم کے پیش نظر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ وہ گرمی اور حبس کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔

Exit mobile version