غیرقانونی تارکین کو ملازمت دینے پر یارکشائر کے شہروں میں امیگریشن انفورسٹمنٹ ٹیموں کا آپریشن

لیڈز: یارکشائر کے مختلف شہروں میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف بڑا آپریشن، ہوم آفس کےچھاپوں میں 20سے زائد مختلف کاروبار سے منسلک مالکان کو بھاری جرمانے کئے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ آپریشن لیڈز، ویکفیلڈ، ڈیوزبری، شفلیڈ، سکاربورو، ڈنکاسٹر، یارکشائر اور ہمبرسائیڈ کے متعدد کاروباری علاقوں میں کیا گیا جن میں فروٹ مارکیٹ کے سٹالز، کار واش اور ٹیک وے پر تارکین وطن کو غیر قانونی طور پر ملازمت پر رکھنے والے کاروباری مالکان کو 50000 £ تک کے جرمانے کئے گئے۔

رپورٹس کے مطابق یہ آپریشن برطانوی ہوم سیکرٹری کے اس اعلان کے بعد کیا گیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ حکومت غیر قانونی طور پر تارکین وطن کو ملازمت پر رکھنے اور کمزور لوگوں کا استحصال کرنے والے کاروباری مالکان کے خلاف کریک ڈاؤن کرے گی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق 18اگست سے 24 اگست تک آپریشن کے دوران امیگریشن انفورسٹمنٹ ٹیموں نے کار واش اور ٹیک اوے پر غیر قانونی تارکین وطن کو ملازمت دینے کے شبے میں ان کاروباری علاقوں کے ٹارگٹڈ دورے کئے۔

واضح رہے کہ غیر قانونی کارکنوں کو ملازمت دینے پر برطانوی قانون کے مطابق زیادہ سے زیادہ جرمانہ 45000£ فی کارکن پہلے جرم کے لئے ہے اور 60000 £ فی کارکن بار بار خلاف ورزی پر ہے۔

Exit mobile version