دینہ: پاک افواج نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے، پوری قوم متحد ہے، ملک کاشف

دینہ: یومِ تشکر کے موقع پر دینہ کی معروف سماجی شخصیت اور اوورسیز پاکستانی ملک کاشف (یو کے) نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج کے حالیہ آپریشن "بنیان المرصوص” نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس آپریشن نے نہ صرف بھارت کو لرزا کر رکھ دیا بلکہ جدید عالمی ٹیکنالوجی سے لیس دشمن افواج کو بھی منہ کی کھانی پڑی۔

ملک کاشف نے کہا کہ "بھارتی فوج کے دانت کھٹے کر دیے گئے ہیں، ان کی فوج تھر تھر کانپ رہی ہے۔ آج پوری پاکستانی قوم اللہ اکبر کے نعرے تلے متحد ہے اور بہادر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ 25 کروڑ عوام پاک فوج کی آواز پر لبیک کہنے کو تیار ہیں۔”

انہوں نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دشمن کے گھر تک جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک افواج نے نہ صرف بھارت بلکہ فرانس، روس اور اسرائیل جیسی طاقتوں کی جدید ٹیکنالوجی کو بھی شکست دی — جو ملکی ہی نہیں بلکہ عالمی تاریخ میں ایک یادگار کارنامہ بن چکا ہے۔

ملک کاشف کا کہنا تھا کہ "ہم نے ماضی میں عراق، فلسطین، کشمیر جیسے مسلم خطوں میں کفار کی جانب سے مسلمانوں پر آسمان سے آگ برستے دیکھی، لیکن آج ہماری آنکھوں نے وہ منظر دیکھا جس نے صدیوں کی پیاس بجھا دی۔ ہماری بہادر افواج نے دشمن کو اس کے ہی انداز میں جواب دیا۔”

انہوں نے کہا کہ "دل کی دھڑکنیں سجدہ ریز ہو گئیں، ہم اپنی مسلح افواج کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ شہداء ہماری قوم کا فخر ہیں۔”

ملک کاشف نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر دشمن نے دوبارہ کسی غلطی کی کوشش کی تو اسے اس بار پہلے سے بھی زیادہ عبرت ناک انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج ایک سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں، جو ہر حال میں وطن عزیز کا دفاع کریں گی۔

Exit mobile version