شہریوں کے مسائل کا فوری ازالہ اور بروقت انصاف یقینی بنانا ترجیح ہے، ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن اور آئی جی پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی جانب سے ڈی پی او آفس جہلم میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں شہریوں کو اپنے مسائل، شکایات اور درخواستیں براہِ راست پولیس کے اعلیٰ افسر کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔

کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مختلف مسائل، شکایات اور درخواستیں ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کے سامنے پیش کیں۔ ڈی پی او جہلم نے شہریوں کے مسائل اور شکایات خود سنیں اور ہر درخواست کے حوالے سے متعلقہ افسران سے ضروری معلومات حاصل کرتے ہوئے موقع پر ہی کارروائی اور مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔

اس موقع پر ڈی پی او جہلم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں پیش کی جانے والی شہریوں کی شکایات کو میرٹ اور قانون کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور درخواستوں پر کارروائی میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا بنیادی مقصد شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی اور ان کے مسائل کا بروقت حل یقینی بنانا ہے۔ پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے جبکہ شہریوں کے ساتھ براہِ راست رابطہ قائم کرنا اور ان کی شکایات کا فوری ازالہ پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ افسران شہریوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے مسائل کے حل کو یقینی بنائیں اور انہیں مقررہ وقت کے اندر نمٹاتے ہوئے عملدرآمد رپورٹ پیش کریں۔ شہریوں کی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی کوتاہی یا غیر ضروری تاخیر قابلِ قبول نہیں ہوگی۔

ڈی پی او جہلم نے مزید کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حل، بروقت انصاف کی فراہمی اور عوام دوست پولیسنگ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور عوام کے درمیان براہِ راست رابطے کو مزید مؤثر بنانے اور شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

Exit mobile version