تجاوزات کا خاتمہ اور زیرو ویسٹ پنجاب حکومت کا ٹارگٹ ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر میثم عباس کی زیر صدارت ستھرا پنجاب اور تجاوزات آپریشن کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں میونسپل کمیٹی حکام اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن پر ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ آر ڈبلیو ایم سی کے افسران نے زیرو ویسٹ مینجمنٹ مہم کی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ تجاوزات کا خاتمہ اور زیرو ویسٹ پنجاب حکومت کے اہم اہداف میں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زیرو ویسٹ مینجمنٹ کے لیے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں اور اس مہم کے تحت ہر گلی اور محلے میں صفائی کی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ اس مہم کے لیے بھاری مشینری اور سینکڑوں سینٹری ورکرز کو تعینات کیا گیا ہے، جو دن رات صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس مہم کو مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کو ایک صاف اور تجاوزات سے پاک ماحول فراہم کیا جا سکے۔



