جہلم پولیس نے ڈکیتی کی واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے چھینی گئی رقم اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔
یہ کارروائی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو کی زیر قیادت ایس ایچ او تھانہ چوٹالہ اور ان کی ٹیم نے انجام دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت مسکین کے نام سے ہوئی ہے جو ایک ڈکیتی کے مقدمہ میں مطلوب تھا۔
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا 30 بور پسٹل بمعہ ایمونیشن اور 50 ہزار روپے نقدی برآمد کر لی گئی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جہلم پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا تاکہ اسے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ایسے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا جو معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔
