سوہاوہ: راولپنڈی پولیس کے شہید اسسٹنٹ سب انسپکٹر منیر احمد کی انتیسویں برسی کے موقع پر سوہاوہ میں ان کی لحد پر باوقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔
اس موقع پر شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی نے شہید کی لحد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں ڈی ایس پی سوہاوہ سرکل اکرام اللہ نیازی اور ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی نے شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی، ان کے صبر و حوصلے کو سراہا اور پولیس کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہداء پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جن کی عظیم قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس ہمارے محسن ہیں جو بہادری اور شجاعت کی لازوال داستانیں رقم کرتے ہوئے ہمیشہ کے لیے امر ہو چکے ہیں، اور ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت قائم امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس فورس اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کرتی رہے گی۔
