معرکہ حق بنیان مرصوص تاریخ کا روشن باب بن چکا ہے، مرکزی علماء کونسل

جہلم: مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم کے زیر اہتمام ایک خصوصی سیمینار بعنوان “معرکہ حق بنیان مرصوص و استحکامِ پاکستان” منعقد ہوا، جس کی صدارت ضلعی صدر مرکزی علماء کونسل حکیم قاری شبیر احمد عثمانی نے کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ معرکہ حق بنیان مرصوص تاریخ کا ایسا روشن باب بن چکا ہے جو ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عظیم معرکہ پاکستان کے ازلی دشمن کو اس کی حقیقت یاد دلاتا رہے گا۔

علماء کرام کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر افواج قوم کا عظیم سرمایہ اور باعثِ فخر ہیں، جو اس مملکتِ خداداد کے دفاع کو ناقابلِ شکست اور ناقابلِ تسخیر بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم معرکہ حق بنیان مرصوص میں حاصل ہونے والی کامیابی پر فیلڈ مارشل، وزیر اعظم پاکستان اور پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

سیمینار کے شرکاء نے کہا کہ معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کے دوران افواجِ پاکستان نے بھارت کے اندر اہم عسکری اور دفاعی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جو پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دفاعی حکمتِ عملی کا واضح ثبوت ہے۔

علماء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اجتماع میں شہداء اور وطن کی بہادر افواج کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن سے محبت ایک فطری جذبہ جبکہ وطن کا دفاع ایک شرعی فریضہ ہے۔ شریعتِ اسلامیہ دین، جان، مال اور عزت کے دفاع کو بنیادی حیثیت دیتی ہے اور جو شخص اپنے دین و وطن کے دفاع میں جان قربان کرے وہ شہید کہلاتا ہے۔

مقررین نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت اور وطن کی چوکیداری جہاد کا اہم حصہ اور عظیم عبادت ہے۔ وطن عزیز میں امن و استحکام ایک بڑی نعمت ہے اور یہ پاک فوج کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، اس لیے افواجِ پاکستان کو مزید مضبوط کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

علماء کرام نے کہا کہ حالیہ ادوار میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان اور وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں ریاستِ پاکستان نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، جبکہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ بھی ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فتنۂ خوارج اور فتنۂ ہندوستان کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات قابلِ تحسین ہیں، جبکہ علماء اور بے گناہ انسانیت کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھا جانا چاہیے۔

سیمینار کے اختتام پر پاکستان کی ترقی، سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب میں مرکزی علماء کونسل جہلم کے ضلعی و تحصیل عہدیداران سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button