خواتین کی بہترین قانونی راہنمائی اور ہر ممکن امداد یقینی بنائیں گے، ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصرمحمود باجوہ نے ضلع بھر کی لیڈیز پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس کے میٹنگ ہال میں ٹریفک ،ایلیٹ فورس اور ڈسٹرکٹ پولیس کے لیڈیز سٹاف کے ساتھ میٹنگ کی۔ دوران میٹنگ ڈی پی او جہلم نے خواتین اہلکاروں کو حکومت پنجاب کے ویژن VIOLENCE AGAINST WOMEN & CHILDREN NEVER AGAIN کے سلوگن کے تحت انکی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔

ڈی پی او جہلم نے کہا کہ لیڈیز پولیس انسداد جرائم ، سراغ رسانی ، سیکیورٹی ، لاء اینڈ آرڈر کے سلسلہ میں بہترین خدمات انجام دینے کے ساتھ ساتھ خواتین کے مسائل اور مقدمات کی تفتیش میں مثالی کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پنجاب نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کا بیڑا اٹھا لیا ہے ،خواتین اور ٹرانسجینڈرز کے مسائل کے حل کے لئے حکومت پنجاب کی ہدایات پر ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشنز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ، جہاں خواتین کے مسائل حل کرنے اور صنفی جرائم کے خاتمے کےلئے تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جارہا ہے۔

ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ خواتین ، بچوں اور ٹرانسجینڈرز کے ساتھ کسی بھی وقوعہ کے رپورٹ ہونے کی صورت میں متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز لیڈیز پولیس کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچیں گے، اور خواتین کی بہترین قانونی راہنمائی اور ہر ممکن امداد یقینی بنائیں گے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ویژن کی روشنی میں ویمن سیفٹی ایپ میں خواتین کے تحفظ اور ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کا خصوصی فیچر بھی شامل کر دیا گیا ہے ، اس فیچر کے تحت Integrated کمانڈ اینڈ کنڑول سینٹر سے صوبہ بھر میں واقعات رپورٹ ہوں گے ، اور ان واقعات کا فیڈ بیک تسلسل کے ساتھ مانیٹر کیا جائے گا۔

بعد ازاں ڈی پی او جہلم نے تمام خواتین پولیس اہلکاران کے مسائل دریافت کئے اور ان کے فوری حل کے لئے عملی اقدامات کی بھی ہدایات کیں۔

ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ آپ تمام خواتین معاشرے کی نمائندہ افراد ہیں ، خواتین کے مسائل کا حل ان کے گھر کی دہلیز پر ممکن بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

Exit mobile version