
دینہ: اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد نے تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے دینہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، تجاوزات کے خاتمے کے لیے جاری آپریشن کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو جلد از جلد آپریشن مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مین بازار، داتا روڈ، منگلا روڈ اور ریلوے روڈ کا دورہ کیا۔ اس دوران مین بازار میں نالوں پر قائم پختہ تھڑوں کو ہٹانے کے لیے آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ داتا روڈ پر جاری تجاوزات آپریشن کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ عملے کو کام تیز کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد نے منگلا روڈ پر تجاوزات کی پیمائش اپنی نگرانی میں کروائی اور آپریشن کے لیے نشانات لگانے کا عمل شروع کیا۔ ریلوے روڈ پر بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی کا جائزہ لیا گیا اور سڑک کی پیمائش مکمل کی گئی۔
دورے کے دوران ان کے ہمراہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ محمد فیصل، تحصیلدار شمشیر حیدر رانجھا، پٹواری چوہدری امجد، ایم او آئی سہیل اشرف، ایم آر او قاسم گونل اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد کا کہنا تھا کہ ماہِ رمضان سے قبل تجاوزات آپریشن مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے تاجروں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کی جائے گی، اگر کسی کو کوئی اعتراض ہو تو وہ بلا جھجھک میرے دفتر آ سکتا ہے۔ ہم اس آپریشن کو بغیر کسی تفریق کے مکمل کریں گے اور عوام کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر کو صاف ستھرا اور تجاوزات سے پاک بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔