پاک وطن پر جب مشکل پڑی مسلح افواج نے ہراول دستہ کا کردار ادا کیا، محمد سمیع

لندن: پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کے سبب عوام چین کی نیند سوتے ہیں اور وطن عزیر پر جب بھی کوئی مشکل پڑی ہے مسلح افواج نے ہراول دستہ کا کردار ادا کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ دے کر ملک کی حفاظت کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار مراکش کے شہر رباط میں یوم دفاع کی تقریب میں سفیر پاکستان محمد سمیع نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یوم دفاع کی تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں سمیت کمیونٹی کی نمایاں شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر محمد سمیع نے شرکا سے عربی زبان میں خطاب کیا۔

محمد سمیع کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی تاریخ شاندار ہے، دنیا بھر میں اقوام متحدہ کی امن فوج کا حصہ بن کر بھی وہ شاندار خدمات سرانجام دے رہی ہے اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے۔ پاک فوج کا پیشہ ورانہ کردار ہر پاکستانی کیلئے قابل فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سرحدیں ہوں یا ملک میں آئی کوئی بھی آفت ہو، پاک فوج ہر اول دستہ کا حصہ ہوتی ہے۔

پاکستانی سفیر محمد سمیع نے مسئلہ کشمیر کو خصوصی طور پر اجاگر کیا اور کہا کہ کشمیری قوم سات دھائیوں سے بھارتی ظلم و تشدد کا شکار ہے۔ انہو نے عرب دنیا سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی دنیا سے اسے بند کرانے کا مطالبہ کیا۔

یوم دفاع کی تقریب میں منسٹر آف جسٹس عبداللطیف اوبائی، ایمبیسڈر چیف آف پروٹوکول انس خلیص نے بھی شرکت کی۔ یوم دفاع کی تقریب میں پاکستان اور مراکش کے پرچم کی تصویر والا کیک بھی کاٹا گیا۔

↑
Exit mobile version