جہلم شہر اور گردونواح میں ٹماٹر کی قیمتوں نے اچانک بلند پرواز شروع کر دی ہے۔ چند روز قبل 50 روپے فی کلو فروخت ہونے والا ٹماٹر اب سرکاری نرخ 145 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 300 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس کے باعث شہری شدید پریشانی اور اضطراب کا شکار ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی مبینہ عدم توجہی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ناقص نگرانی کے باعث سبزی فروشوں کو من مانے نرخ وصول کرنے کی کھلی چھوٹ مل گئی ہے۔ دکانداروں نے محرم الحرام کی تعطیلات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف ٹماٹر بلکہ دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کہیں نظر نہیں آ رہا۔
سبزی منڈی میں خریداری کے لیے آنے والے شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ مارکیٹ کمیٹی کی مبینہ غفلت یا سرپرستی کے باعث بعض دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں، جس سے صارفین کو روزانہ اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اشیائے خورونوش کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ ان کے مطابق سبزیوں سمیت روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے، سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
