جہلم شہر میں میونسپل کمیٹی کی ملکیت سرکاری ٹیوب ویل گزشتہ دو ماہ سے بند ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ واٹر سپلائی نظام متاثر ہونے کی وجہ سے متعدد علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے، لیکن انتظامیہ کی جانب سے کوئی عملی اقدام نہیں کیا جا رہا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ اینٹی کرپشن کے قریب میونسپل کمیٹی کا نصب کردہ سرکاری ٹیوب ویل پچھلے دو ماہ سے بند پڑا ہے، جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ متعدد بار میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران کو تحریری اور زبانی طور پر شکایات درج کرائی گئیں، لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شعبہ واٹر سپلائی کے متعلقہ حکام صرف تسلیاں دے رہے ہیں لیکن مسئلہ حل کرنے میں ناکام ہیں۔ پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے گھریلو اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ شہری پانی خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی، اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے فوری نوٹس لینے اور پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر جلد از جلد ٹیوب ویل کو فعال نہ کیا گیا تو وہ شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے۔
