بجلی 5 روپے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

بجلی 5 روپے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے جس کے بعد صارفین پر مزید 40 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کرا دی۔ سی پی پی اے نے اضافہ فروری کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں طلب مانگا ہے۔
سی پی پی اے درخواست میں کہا گیا کہ فروری میں 6 ارب 87 کروڑ 60 لاکھ یونٹ بجلی فروخت ہوئی۔
درخواست میں بتایا گیا کہ فروری میں پانی سے 24 اعشاریہ 77 فیصد بجلی پیدا کی گئی جبکہ مقامی کوئلے سے 13 اعشاریہ 94 فیصد اور درآمدی کوئلے سے 1 اعشاریہ 89 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ مقامی گیس سے 11 اعشاریہ 04 اور درآمدی ایل این جی سے 20 اعشاریہ 33 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا کہ فروری میں جوہری ایندھن سے 23 اعشاریہ 29 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ درخواست منظور ہونے پر صارفین پر 40 ارب روپے سے زائد بوجھ پڑے گا اور اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہو گا۔
سی پی پی اے کی درخواست پر نیپرا 28 مارچ کو سماعت کرے گی۔



