جہلم پولیس نے خود کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کرنے والے مبینہ نوسرباز کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نوسربازملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مبینہ طور پر خود کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 9 ایم ایم پسٹل بمعہ ایمونیشن برآمد کیا گیا، جسے پولیس نے ناجائز اسلحہ قرار دیتے ہوئے ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ جعلی شناخت ظاہر کرکے شہریوں کو دھوکہ دینے اور سرکاری اداروں کا نام استعمال کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
