دینہ کی اہم شاہراہوں جی ٹی روڈ اور منگلا روڈ پر ایک بار پھر تجاوزات کی بھرمار ہو گئی ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے کے ساتھ شہریوں کو بھی آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تجاوزات کے باعث سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر جگہ کم ہو کر رہ گئی ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے موثر کارروائی نہ ہونے کے باعث تجاوزات مافیا کے حوصلے مزید بلند ہو رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دینہ جی ٹی روڈ پر کیک اینڈ بیکز کے ساتھ سبزی اور فروٹ کی دکانیں دوبارہ سج گئی ہیں، جس سے سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔ اسی طرح منگلا روڈ پر بھی تجاوزات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قبضوں کے باعث پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کے لیے گزرنے کی جگہ محدود ہو گئی ہے، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال بار بار پیدا ہو رہی ہے۔ انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث تجاوزات قائم کرنے والوں کو کھلی چھوٹ مل رہی ہے، جبکہ عام شہریوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ دینہ جی ٹی روڈ اور منگلا روڈ پر بڑھتی ہوئی تجاوزات کا فوری نوٹس لیا جائے اور متعلقہ انتظامیہ کو تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر کارروائی کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے اور ٹریفک کی روانی بحال ہو سکے۔
