مانچسٹر / بولٹن: برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے کہا کہ مانچسٹر کا شہر اس لحاظ سے منفرد و قابل ذکر ہے کہ یہاں ہر رنگ و نسل اور مذہب کے لوگ بستے ہیں جن میں ہم آہنگی پا ئی جاتی ہے جس کی مثال آج کی تقریب کا منعقد ہونا ہے۔
انہوں نے یہ بات پریس کلب آف پاکستان، یو کے کی طرف سے ایک عیدملن اور ایسٹر پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس تقریب کی صدارت پریس کلب آف پاکستان یوکے کے صدر چوہدری پرویز مسیح مٹو نے کی جبکہ مہمانان خصوصی مانچسٹر کی لارڈ مئیر کونسلر یاسمین ڈار، مانچسٹر میں پاکستان کی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی مصباح نورین اور رکن برطانوی پارلیمنٹ افضل خان تھے۔
تقریب کی نظامت کے فرائض تنظیم کےسیکرٹری محمود خان، صابرہ ناہید اور محمد اعظم نے سرانجام دئیے تقریب میں مسلمان اور مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپورشرکت کی۔ تقریب کا مقصد عید اور ایسٹر کے حوالے سے دونوں کمیونٹیز کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا جس میں شرکت کرتے ہوئے امن اور آہنگی بڑھے اور سب لوگ لطف اندوز بھی ہو سکیں۔
افضل خان ایم پی نے مزید کہا کہ ایسی تقریبات کے انعقاد کو معاشرتی تنوع کیلئے نہائت اہم قدم قرار دیا۔ کثیرالجہتی سے برداشت، ایک دوسرے کیلئے باہمی احترام کے جذبات ابھرتے ہیں جو معاشرتی نشوونما کے لئے انتہائی ضروری ہیں۔
لارڈ مئیر آف مانچسٹر یاسمین ڈار نے کہا ہے کہ مانچسٹر نہ صرف ایک کثیرالثقافتی شہر ہے جس میں مختلف رنگ ونسل ا و ر مذاہب کے لوگ امن و آتشی کے ساتھ رہتے ہوئے اس کی ترقی میں نمایاں کردار نبھا رہے ہیں بلکہ تمام کمیونٹیاں اس معاشرے میں ایسی تقریبات منعقد کرتے ہوئے اس شہر کی یکجہتی میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔
لارڈ مئیر آف مانچسٹر یاسمین ڈار نے اپنے خطاب میں تمام شرکاءکا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کو سراہا کہ کس طرح مقامی کمیونٹیاں اتحاد و اتفاق کے جذبے کا ساتھ مل بیٹھ کر بھائی چارے کے ساتھ خوشیاں منارہے ہیں۔ایسی تقریبات منعقد کرنے کا سہرا پریس کلب آف پاکستان یوکے کو جاتا ہے۔مانچسٹر قونصلیٹ جنرل میں پاکستان کی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی مصباح نورین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسی تقریبات کو مغربی ممالک میں رہتے ہوئے منعقد کرنے کو خوش آئند قرار دیا جس میں یکجہتی کے علاوہ باہمی عزت و احترام کا جذبہ جھلکتا ہے۔
انہوں نے پریس کلب آف پاکستان یوکے کے ارکان کو اس پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اوران کا شکریہ ادا کیا کہ وہ کمیونٹی کو اکٹھا رکھنے میں کس قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں – انہوں نے تقریب میں شامل خواتین کی کثیر تعداد کو بھی سراہا اورکہاکہ آج کی اس تقریب میں خواتین کی شمولیت اور جذبہ قابل دید ہے۔
انہوں نے خصوصی طور پرتقریب میں موجود مقامی اور و دسرے شہروں کے کونسلروں اور لارڈ مئیر آف مانچسٹرکونسلر یاسمین ڈار اوررکن پارلیمنٹ افضل خان کی موجودگی کی بھی تعریف کی۔
قبل ازیںچوہدری پرویزمسیح مٹو اپنے صدارتی خطاب میں حاضرین کو خوش آمدید کہا اور واضح کیا کہ پریس کلب آف پاکستان یوکے عید اور ایسٹر کی خوشی کے موقع پر میں یہ بڑے فخر سے کہتا ہوں کے پریس کلب آف پاکستان یوکے،برطانیہ کے صحافیوں کی واحد تنظیم ہے جو بین المذہبی ہم آہنگی پر یقین رکھتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک غیر سیاسی اورغیر مذہبی تنظیم ہیں جو انسانی فلاح وبہبود پر یقین رکھتے ہیں ۔ہماری کوشش ہے کہ انسانی معاشرے سے نفرت کو ختم کیا جا ئے اور اس کی جگہ ہم آہنگی اور تعاون و اشتراک کو فروغ دیا جاسکے -لوگوں میں علاقائی، رنگ، نسل ، فرقہ پرستی اور مذہبی تعصب ختم ہو- لوگوں میں قوت برداشت، ہم آہنگی اور بھائی چارہ پیدا کیا جائے۔ ملک سے امتیازی قوانین اور تعلیمی نصاب میں سے نفرت زدہ مواد کو ختم کریں۔ معاشرے کے تمام افراد کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے قیام سے لے کر اب تک بہت سے پراجیکٹس’ سیمینارز اور ٹریننگ کورسز کروائے ہیں ‘ جو جاری ہیں اور جاری رہیں گے ۔
اس تقریب کی خصوصی بات یہ تھی کہ معاشرے میں امن اور ہم آہنگی پیدا کرنے کے درس پر مبنی ایک مختصرڈرامہ بھی پیش کیا گیا جو ورثہ تھیٹر یوکے کی طرف سے رادھی سیف نے لکھا جبکہ اس ڈرامے کی ہدایتکاری سیف الرحمٰن نے کی – اس ڈرامے میں بین المذہبی ہم آہنگی کا درس دیا گیا – ڈرامے میں انور شاد، فرید بٹ،محبوبالہٰیبٹ، ظہیر لکھیرا ، فریدہ لکھیرا،سمیر ااشرف، سیف الرحمٰن ،رادھی سیف اور فرح جبین نے حصہ لیا۔
حاضرین نے اس ڈرامے کے کرداروں اور اس میں پیش کی جانے والی روح کو بہت پسند کیا – تقریب میں نعت رسول مقبول محبوب الہٰی بٹ نے جبکہ ایسٹر کا خصوصی گیت ریاض گل نے پیش کیا، اس موقع پر ظہیر لکھیرا ،فریدہ لکھیرا اور جگتار سنگھ شہری نے خوبصورت گیت گا کر حاضرین سے خوب داد حاصل کی۔
تقریب سے جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چئیرمین میاں عامر علی اورنصر اللہ خان مغل نے بھی خطاب کیا ۔ جب مہمانان خصوصی تشریف لائیں تو ان کو پریس کلب آف پاکستان یوکے کی نائب صدر حمیرا ثناءنے پھولوں کے گلدستے پیش کئے ۔
