ڈپٹی کمشنر جہلم کا فلٹر ہیلتھ کلینک بلال ٹاؤن کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ لیا

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے فلٹر ہیلتھ کلینک بلال ٹاؤن کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انہوں نے کلینک کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور انچارج کلینک سے علاج معالجے، میڈیکل ٹیسٹ، ادویات کی دستیابی اور دیگر ضروری امور پر بریفنگ لی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کلینک میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے علاج و معالجے کے حوالے سے دریافت کیا۔ شہریوں نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے فراہم کردہ طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق عوام کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طبی مراکز کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو بہتر اور فوری علاج کی سہولت میسر ہو۔



