دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کے لیے دینہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد کے ہمراہ مین بازار اور جی ٹی روڈ کا معائنہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے دینہ کے مرکزی بازار اور جی ٹی روڈ کا تفصیلی دورہ کیا اور تجاوزات کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر انہوں نے غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری اور سخت اقدامات کی ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہفتہ کو ہونے والے آپریشن میں کسی قسم کی نرمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تجاوزات عوامی مشکلات کا سبب بن رہی ہیں، جنہیں فوری طور پر ہٹایا جائے گا۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد کو ہدایت دی کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن سختی سے عمل میں لایا جائے، جس کی قیادت وہ خود کریں گے۔
اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کے حوالے سے دکانداروں اور تاجروں کو پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا ہے اور بارہا تنبیہ کے باوجود تجاوزات برقرار رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف آپریشن زور و شور سے جاری ہے اور کسی کو بھی غیر قانونی طور پر سرکاری یا عوامی جگہ پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے کاروباری مراکز کے آگے سے تجاوزات خود ہی ہٹا لیں، تاکہ کسی بھی نقصان سے بچا جا سکے۔ بصورتِ دیگر، سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ دکانداروں پر عائد ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کر دیا ہے کہ شہر کو صاف ستھرا اور منظم بنانے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن میں کسی قسم کا دباؤ یا رعایت برداشت نہیں کی جائے گی۔
