ضلع جہلم کے جنگلات میں آتشزدگی کے واقعات کیوں سامنے آ رہے ہیں ؟ پی ڈی ایم اے نے وجہ بتا دی

ضلع جہلم سمیت پنجاب بھر میں شدید گرمی کی لہر کے باعث جنگلات میں آتشزدگی کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔پنجاب میں تقریباً 1لاکھ 44 ہزار ایکڑ رقبے پر جنگلات موجود ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مئی کے مہینے میں جنگلات میں آگ لگنے کے 51 واقعات رپورٹ ہوئے۔جہلم میں 4، راولپنڈی و مری میں 21، لاہور قصور 6، بہاولپور 3 اور اٹک میں 5 مقامات پر آگ کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ گجرات، مظفرگڑھ، جھنگ اور چیچہ وطنی میں 1 جبکہ چکوال میں 5 مقامات پرجنگلات میں آگ لگنے کے واقعات پیش آئے۔جنگلات میں آگ سے مجموعی طور پر تقریباً 200 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے محکمہ جنگلات اور انتظامیہ کو معاونت فراہم کر رہا ہے۔درجہ حرارت زیادہ ہونے کی وجہ سے جنگلات میں چھوٹی سی چنگاری سے آگ لگ سکتی ہے۔جنگلات میں آگ لگنے کی سب سے بڑی وجہ انسانوں کی لاپرواہی یا بے احتیاطی ہے۔
انہوں نے کہپا کہ مئی سے جولائی تک کا عرصہ فائر زون کہلاتا ہے۔جنگل میں آگ خشک درختوں کی شکل میں موجود ایندھن اور ہوا کی وجہ سے تیزی سے پھیلتی ہے ۔پی ڈی ایم اے آگ بجھانے کے لیے اقدامات میں متعلقہ انتظامیہ کو مکمل تعاون فراہم کر رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں تقریباً 4 اعشاریہ 2 ملین ہیکٹر رقبے پر جنگلات ہیں۔جنگلات کا تحفظ ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔



