سوہاوہ: ڈومیلی میں 9 سالہ بچے کو اغواء کے بعد بدفعلی کا نشانہ بنانے والے مجرم کو عمر قید

سوہاوہ: ایڈیشنل سیشن جج سوہاوہ چوہدری عامر ضیاء نے اغواء کے بعد 9 سالہ بچے سے بدفعلی کیس کا فیصلہ سنا دیا، جرم ثابت ہونے پر مجرم طارق فرحان کو عمر قید اور چار لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مجرم طارق فرحان نے گزشتہ سال 27فروی کو تھانہ ڈومیلی کے علاقہ گتر میں 9 سالہ تیسری جماعت کے طالب علم کو اغواء کر کے حویلی میں لے گیا جہاں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ مجرم کو اغواء اور 9 سالہ لڑکے کے ساتھ بدفعلی کے جرم میں ڈومیلی پولیس نے گرفتار کیاتھا۔ ڈی این اے رپورٹ میں مجرم کے 9 سالہ بچے سے بدفعلی کے شواہد ملے تھے۔

ترجمان جہلم پولیس نے بتایا کہ جہلم پولیس نے مجرم کو گرفتار کر کے ٹھوس شواہد کیساتھ چالان عدالت کیا اور مقدمہ کی موثر پیروی کی جس کے پیش نظر معزز عدالت نے مجرم کو قرار واقعی سزا سنائی۔

ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن اور انسپکٹر جنرل آف پولیس کی ہدایات کی روشنی میں مقدمات کی موثر تفتیش اور موثر پیروی سے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو سزائیں دلوانے کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے انویسٹی گیشن اور لیگل ٹیموں کو شاباش دی جبکہ تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔

Exit mobile version