للِہ تا جہلم دو رویہ سڑک رواں سال کے اختتام تک مکمل ہو جائے گی، کمشنر انجینئر عامر خٹک

پنڈدادنخان: کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ضلع جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں واقع للِہ انٹرچینج کا دورہ کیا، جہاں انہیں للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر ایف ڈبلیو او، محکمہ ہائی وے اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موقع پر موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم سید میثم عباس اور اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نادیہ پروین نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایف ڈبلیو او حکام نے کمشنر کو آگاہ کیا کہ 128 کلومیٹر طویل اس اہم منصوبے کو دسمبر 2025 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر ہے جبکہ پانچ مختلف مقامات پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ بعض حصے آئندہ ماہ مکمل کر لیے جائیں گے۔

کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے منصوبے پر جاری کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مقامی آبادیوں کے تحفظات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف سفری سہولیات کو بہتر بنائے گا بلکہ علاقائی ترقی کا ضامن بنے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیول کیرج وے کی تکمیل سے نہ صرف ضلع جہلم بلکہ راولپنڈی ڈویژن کے دیگر علاقوں کو بھی معاشی و سماجی فائدہ پہنچے گا اور یہ منصوبہ خطے کی ترقی میں ایک سنگِ میل ثابت ہو گا۔

Exit mobile version