پنڈ دادنخان: چوہدری فرخ الطاف نے کہا کہ ڈیول کیرج وے کے لئے 70کروڑ روپے جاری ہوگئے، اب فنڈز ملتے رہیں گے۔ جلالپور/ خوشاب نہر کا جلد افتتاح ہوگا، حلقہ این اے 61 کے عوام ہمارے مختصر دور اقتدار میں ہی پریشان ہو گئے، پچھلے پچاس سالہ اقتدار والوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے۔
نیوز لائن کی رپورٹ کے مطابق حلقہ این اے 61 جہلم ٹو سے ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے سینئر صحافی صفر علی خان سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ عوامی خدمات کے لئے کوشاں رہے ہیں، آئندہ بھی یہ مشن جاری رکھیں گے۔ درجن کے قریب سڑکوں پر کام جاری ہے، ڈیول کیرج وے کے فنڈز جاری ہوچکے، فنڈز ٹرانسفر ہوتے ہی کام شروع ہو جائے گا۔
چوہدری فرخ الطاف کا کہنا تھا کہ منتخب ہونے سے لے کر آج تک چین سے نہیں بیٹھے، اس پریشان کن نامکمل روڈ کے باعث عوامی مشکلات کا احساس ہے اور تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے ملاقات انتہائی حوصلہ افزا رہی، ہمارے حلقہ کی معرومیوں کے خاتمہ کے لئے مسلم لیگ ن اور میاں برادران کے علاوہ دوسرا آپشن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع جہلم اور بالخصوص تحصیل پنڈدادنخان کے تمام عوامی مسائل پر نظر ہے، ترجیح بنیادوں پر مسائل کے خاتمے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
